ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / کورونا قہر کے درمیان سعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن آکسیجن ہندوستان بھیج دی

کورونا قہر کے درمیان سعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن آکسیجن ہندوستان بھیج دی

Mon, 26 Apr 2021 11:53:14  SO Admin   S.O. News Service

ریاض، 26/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی)  ہندوستان  میں کورونا وائرس کے  کیسز میں حالیہ غیر معمولی اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئےسعودی عرب نے 80 میٹرک ٹن مائع آکسیجن انڈیا بھیجی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق  ہندوستان  کے لیے آکسیجن گیس کی فوری فراہمی کی کھیپ  ہندوستان  کے اڈانی گروپ اور لائنڈ کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت کی جا رہی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہندوستان    میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کی تعداد  3 لاکھ 49 ہزار 691 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کورونا وائرس کے بہت زیادہ بڑھتے ہوئے مریضوں کی تعداد کا یہ چوتھا دن ہے اور دہلی کے ساتھ ساتھ پورےہندوستان  کے ہسپتالوں میں بستروں کے علاوہ طبی آکسیجن کی بھی کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں قائم ہندوستانی  سفارتخانے کی جانب سے اڈانی گروپ اور میسرز لائنڈ کے تعاون سے 80 ٹن مائع آکسیجن گیس انڈیا بھیجے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔

ریاض میں قائم ہندوستانی سفارتخانہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں سعودی عرب کی وزارت صحت کی جانب سے اس موقع پر  ہندوستان  کی  ہر طرح کی مدد، حمایت اور تعاون پر دلی طور پرشکریہ ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ  ہندوستان   میں کورونا میں مبتلا مریضوں کی جان بچانے والی گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے آکسیجن گیس کے سیلنڈرز سنگا پور سے بھی بذریعہ ہوائی جہاز منگوائے جا رہے ہیں۔

مشرق وسطی کے روزنامہ الشرق الاوسط نے اتوار کے روز بتایا ہے کہ صنعتی ضروریات کے لیے استعمال کی جانے والی آکسیجن زیادہ ضرورت کے باعث ہسپتالوں کو مہیا کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  اس اقدام  کے باوجود طلب میں غیر ضروری اضافہ نہیں دیکھا گیا۔


Share: